• news

 بھارتی کھلاڑی کو شکست، ارشد ندیم نے اولمپکس ریکارڈ قائم کر کے گولڈ میڈل جیت لیا

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے ارشدندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میںریکارڈ 92.97میٹرتھرو پھینک کر سونے کاتمغہ جیت لیا ‘ فائنل میںبھارتی کھلاڑی کو شکست دی۔ قومی ہیرو پہلی تھر و نہ پھینک سکے ۔ انہوں نے دوسری باری مین اولمپکس تاریخ کی ریکارڈ 92.97میٹر تھرو پھینکی انہوںنے اولمپکس تاریخ کی سب سے لمبی تھرو پھینک کر ریکارڈ قائم کیا‘انہوںنے اولمپکس تاریخ کا 118سالہ ریکارڈ توڑا۔انہوںنے تیسری باری میں 88.72 میٹر تھرو پھینکی ۔ پاکستان نے اولمپکس میں 32سال کے بعد کوئی تمغہ جیتاہے۔پاکستان نے40سال قبل 1984ء میں آخری مرتبہ گولڈ میڈل‘1992برونز میڈل جیتا تھا۔ بھارت کے نیرچوپڑا کی بھی پہلی تھرو ضائع ہو گئی ۔ انہوںنے دوسری باری میں 89.45میٹر تھرو پھینکی ‘انہوںنے چاندی کا تمغہ جیت لیا۔گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 88.54میٹر تھرو پھینکی‘وہ کانسی کا تمغہ جیت سکے ۔مقابلے کے دوران ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں جشن کا سماں رہا۔ ان کے گھر میں قرآن خوانی کی گئی ۔ شہریوںنے ان کے گھر کے باہر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ گولڈ میڈل جیتنے پر صدر آصف علی زرداری ‘ وزیر اعظم شہباز شریف ‘وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ‘وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ‘وزیر اعلی سندھ مراد علیٰ شاہ ‘وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پورکی طرف سے ارشدندیم کو مبارکباد دی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔حکومت سندھ نے ارشد ندیم کیلئے 5کروڑ روپے انعام اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشدندیم کے نام پر سپورٹس اکیڈمی بنانے کااعلان کیا ہے۔ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاکستان نے اولمپکس میں اب تک 11 میڈلز جیتے ہیں جن میں 4 گولڈ، تین سلور اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈمیڈل حاصل کرکے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کردی۔ اولمپکس میں شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیرمتزلزل لگن‘ انتھک ثابت قدمی اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن