• news

وادی تیرہ: 3 مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ، 3 جوان شہید، 4 خوارج ہلاک

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+اے پی پی) آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوان شہید ہو گئے جبکہ بھرپور کارروائی میں چار خوارج مارے گئے۔ شہداء میں میانوالی کے 37 سالہ حوالدر انعام گل، ٹانک کے 29 سالہ سپاہی محمد عمران اور مردان کے 22 سالہ سپاہی الطاف خان شامل ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وادی تیراہ، ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن اور چار خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر افسروں و جوانوں کی پذیرائی کی ہے اور  حوالدار انعام گل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء  اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن