ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ، میاں چنوں میں سپورٹس سٹی بنانے کا اعلان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نیزہ بازی میں اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا اورارشد ندیم کیلئے 10کروڑ روپے کے خصوصی انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں سپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور ان کے کوچنگ سٹاف کی محنت کو بھی سراہا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے۔ میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے پیرس اولمپکس تک کا سفر قابلِ داد ہے۔ جیت خوبصورت چیز ہے، جیت پانے کے لئے خود کو کھونا پڑتا ہے۔ 92.97 میٹر کی ’’گولڈن تھرو‘‘ کرکے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا ہے، اب قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لئے۔