جشن آزادی گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے، ارشد ندیم، سر فخر سے بلند کر دیا، نواز، شہباز شریف، بلاول سمیت قوم کا خراج تحسین
اسلام آباد+ پیرس (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے لئے اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا۔ پیرس میں قومی پرچم بلند اور قومی ترانہ کی دھن بجائی گئی۔ اولمپکس میں مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈل دینے کی تقریب پیرس میں ہوئی۔ بھارتی نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیا۔ تقریب میں قومی ترانہ کے موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم تھیں۔ فائنل میں میڈل حاصل کرنے والے تینوں کھلاڑیوں نے سیلفی بھی بنائی۔ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور اولمپکس میں ریکارڈ بھی قائم کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ارشد ندیم کو پیرس اور اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی بہن بھائیوں کو ارشد ندیم کی کامیابی مبارک ہو۔ ارشد ندیم 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ علاوہ ازیں سینٹ اجلاس میں بھی اولمپکس چیمپئن ارشد ندیم کی جیت کے تذکرے ہوئے۔ اراکین نے قومی ہیرو قرار دیدیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔ وقفہ سوالات شروع ہوا توکورم کی نشاندہی پر غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس کے دوران سینیٹر مسرور احسن کی جانب سے اولمپکس میں گولڈ میڈل جتنے پر قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روش کیا ہے، اس کو سراہا جانا چاہئے۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ارشد ندیم ہمارا قومی ہیرو ہے۔ یہ ایوان ارشد کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا کہ ارشد ندیم واقعی قومی ہیرو ہے۔ ارشد ندیم کو قوم اور اس ایوان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ارشد ندیم کو واپس آنے پر انعام بھی دیں گے اور ان کے اعزاز میں ڈنر بھی دیں گے۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد بھی اس ایوان سے پاس ہونی چاہئے، میں قرارداد پیش کردوں گا۔ قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہئے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جی آپ قرارداد لے کر آجائیں، ہمارے بھی دستخط لے لیں۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں پاکستان کے کمرشل اتاشی/ ٹریڈ قونصلرز تعنیات ہیں۔ مخلتف ملکوں میں دس مزید اسامیاں قائم کی گئی ہیں۔ یہ کمرشل اتاشی گریڈ 18 سے گریڈ 21 تک ہوتے ہیں۔ ان کمرشل اتاشیوں کا انتخاب باقاعدہ تحریری امتحان، انٹرویو کے بعد اعلیٰ سطح سلیکشن بورڈ کرتا ہے۔ ان کمرشل اتاشیوں کا انتخاب شفاف طریقے سے ہوتا ہے۔ سینٹ اجلاس میں کورم کی نشاندہی پر ڈپٹی چیئرمین نے سینٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
پیرس؍ کراچی؍ اسلام آباد؍ میاں چنوں؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ وقائع نگار + نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ سپورٹس رپورٹر) پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ جیولین تھرور ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میرا دن تھا، میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کر سکتا تھا۔ پیرس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں بطور پاکستانی ایتھلیٹ پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میں ردھم میں تھا اور پرامید تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں گا، گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ آج کچھ کر جاؤں گا، پرامید تھا کہ جتنے دور تھرو کی اس سے گولڈ میڈل جیت سکوں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ کا شکر گزار ہوں، کوچ عثمان بٹ نے بہت محنت کرائی۔ قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ اللہ، والدین اور قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹوکیو اولمپکس میں محنت کی تھی لیکن میڈل نہ جیت سکا، انجری دورکرنے میں ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی محنت شامل ہے، میں نے 92.97 کی تھرو کرکے اولمپکس ریکارڈ بنایا، اس سے بھی بہتر تھرو کر سکتا ہوں۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طو رپر منظور کر لی گئی جس میں قومی ہیرو کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کی جہاں بلاول بھٹو، خواجہ آصف اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے شاندار الفاظ میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگری کلچر نمائش کی اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ارشد ندیم پر فخر ہے، کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، 40 سال بعد پاکستان نے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، وقت آ گیا ہے کہ کرکٹ، ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔ اپنے ایکس پر پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ’’شاباش ارشد ندیم‘‘۔ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منایا۔ جن کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹی وی پر ارشد ندیم کی شاندار 92.97 میٹر کی تھرو دیکھتے ہی وزیراعظم کھڑے ہو گئے اور انہوں نے ہاتھ اٹھا کر کامیابی کا جشن منایا۔ جبکہ اس موقع پر رانا مشہود نے وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی نے بھی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں جیویلین تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر جاری کردہ بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’’ پاکستان کے اولمپک پرچم بردار ارشد ندیم کو شاندار جیولن کارکردگی پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد، اس کی استقامت نے اسے اور قوم کو فخر سے دوچار کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی نے اولمپکس میں ایتھلیٹکس میں انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہ ہماری نوجوان نسل کے لیے ایک تحریک ہے‘‘۔ دریں اثناء ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے بتایا ہے کہ جیولن فائنل میں ایتھلیٹ کا 92.97 میٹر کا زبردست تھرو ’ناقابل یقین‘ تھا۔ ارشد ندیم کی تھرو نے بیجنگ 2008 اولمپکس میں ہالینڈ کے اینڈریاس تھورک کلڈسن کی طرف سے 90.57 میٹر کی تھرو کرکے قائم کیے گئے سابقہ اولمپک ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سلمان بٹ کا قہقہہ لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں جانتا تھا کہ انہوں نے بہت بڑا تھرو کیا ہے، لیکن یہ واقعی حیران کن تھا‘۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے جیولین تھرور ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیت سے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں۔ دریں اثناء امریکی قونصل خانے نے ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ان کیلئے مزید کامیابیوں کے منتظر ہیں۔ ارشد ندیم کے گولڈمیڈل جیتنے پرامریکی قونصل خانے کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے۔ امریکی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پر لکھا یہ اولمپکس میں پاکستان کی تاریخی فتح ہے، ارشد ندیم کی محنت نے پوری قوم کا سرفخرسے بلند کردیا، مستقبل میں مزید کامیابیوں کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں ارشد ندیم کے گھر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ ہوا ہے۔ حکومت پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن ملتان مریم خان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال محمد علی بخاری نے ارشد ندیم کے آبائی گاؤں اور گھر کا وزٹ کیا اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے ارشد ندیم کی والدہ کو گلدستہ پیش کیا۔ قومی ہیرو پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 10 بجے پیرس سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔ ارشد ندیم براستہ دبئی آج رات ایک بجے لاہور پہنچیں گے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔