• news

قومی ہیرو کا سیاست میں نہ آنے کا اعلان : ارشد ندیم کا میاں چنوں تک والہا نہ استقبال، گائو ں میں جشن، پنجاب اسمبلی کا خراج تحسین متفقہ قرارداد

لاہور‘ بیجنگ‘ میاں چنوں‘ کسووال (سپورٹس رپورٹر + این این آئی + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) پیرس اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بدلنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کا چکر لگوایا گیا۔ شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سکیورٹی کے سخت حصار میں ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں سوار کرایا گیا، جس کے بعد قافلے کی صورت میں لاہور شہر کی سیر کرائی گی۔ ارشد ندیم کے دوست احباب ڈبل ڈیکر بس پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ لاہور میں استقبال کرنے والے اپنے قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب تھے،  ارشد ندیم نے ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا‘  ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس میں رنگ روڈ پر نیازی چوک کراس کر کے بس سے اتر کر کار میں سوار ہوئے جس کے بعد وہ اہل خانہ کے ہمراہ بذریعہ موٹر وے میاں چنوں روانہ ہوئے۔ موٹر وے پولیس نے ارشد ندیم کے قافلے کو خصوصی پروٹوکول دیا۔ قبل ازیں ارشد ندیم نے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام اور نماز فجر ادا کی۔ چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے بڑا اعلان کردیا۔ میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے جیولین تھروور ارشد ندیم کو اہل خانہ سمیت عمرہ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ تقریبات سے فارغ ہونے کے بعد ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو عمرے پر بھجوایا جائے گا۔ صحافی نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ کیا آپ بھی سیاست میں آئیں گے؟۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میرا جو کام ہے میں وہ ہی کروں گا‘ میرا سیاست میں آنا بنتا ہی نہیں ہے۔ دریں اثناء ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن چین میں بھی منایا گیا۔ چین میں سوشل میڈیا پر شہریوں نے ارشد ندیم کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا اور مزاحیہ انداز میں ان کی اور کوچ کی محنت کو سراہا۔ چین کے سوشل میڈیا پر لکھا گیا کہ انہوں نے جیولین کو پر لگا دیئے۔ علاوہ ازیں ارشد ندیم کی کارکردگی کو چینی سوشل میڈیا پر ناقابلِ یقین کہتے ہوئے انہیں ہیرو بھی قرار دیا گیا۔ ارشد ندیم کے حوالے سے چین میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی بنایا گیا۔ دریں اثناء فخر میاں چنوں ارشد ندیم اپنے آبائی گاؤں 101 پندرہ ایل پہنچ گئے، شہریوں کی جانب سے شاندار فقید المثال استقبال کیا گیا اور شہریوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے، پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ڈھول بجا کر گھوڑا ڈانس کے ہمراہ بائی پاس پر استقبال کرکے میاں چنوں ٹی چوک شہر سے المنظور ہستپال تلمبہ روڈ سے ان کے گھر کی جانب قافلے کی صورت میں پہنچایا گیا۔ جگہ جگہ شہریوں کی بڑی تعداد اپنے ہیرو کے استقبال کے لئے گھروں سے نکل آئی، گھر پہنچنے پر اہل علاقہ اور پورے ضلع سے لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا اور بھرپور استقبال کیا۔ ارشد ندیم والدہ سے بھی ملے، اپنی ماں کے قدم چومے اور اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے بھی گلے ملے اور پورے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں قوم کے ہیرو پیرس اولمپکس میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کسووال پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شہری قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب نظرآرہے تھے۔ فخر پاکستان ارشد ندیم کے چاہنے والوں نے اپنے ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور تصویریں بھی بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن