اسرائیلی جارحیت پر قراردادوں کی وقعت ردی برابر نہیں : شہباز شریف
سلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے لیے اقلیتوں نے اپنا بھرپور کردا ر ادا کیاآج کے دن کو منانے کامقصد اپنے اسلاف کے عہد پر قائم رہتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کرنا ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ظلم کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی، فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر عالمی خاموشی افسوس ناک ہے، اقوام عالم غزہ میں جنگ بندی میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت اقلیتوں نے پاکستان کے لیے اپنا ووٹ دیا، ہم یوم آزادی منا رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے جو ظلم و ستم غزہ میں ڈھایا جا رہا ہے اس سے ہماری خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں، غزہ میں مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز فجر کے وقت بمباری کر کے خواتین اور بچوں سمیت مظلوم مسلمانوں کو شہید کر دیا، نیتن یاہو اپنی فوج سے ساتھ ملکر فلسطینیوں پر ظلم کر رہے ہیں، ان مظالم پراقوام عالم کی خاموشی افسوس ناک ہے، اس حوالے سے دنیا میں امن کے قیام کے لیے قائم کئے گئے عالمی اداروں کی قراردادوں کی رتی برابر بھی حیثیت نہیں رہی۔ غزہ میں جنگ بندی اور دنیا میں قیام امن کے لیے اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہباز شریف نے ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے مثبت کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، عیسائی،ہندو،سکھ ،پارسی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے، سب نے ملک کے اندر پرامن شہری بن کر حقیقی معنوں میں پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا، جنگ کے زمانے میں کون نہیں جانتا کہ سیسل چوہدری کی کیا خدمات تھیں، اقلیتی برادری کے ججز نے انصاف کے بول بالاکے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، سکھ برادری نے پاکستان کی استحکام اور ترقی کے لئے ہمیشہ بھرپور خدمات سر انجام دی ہیں، پارسی برادری نے تجارت اورکاروبار میں اپنا نام کمایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گنگا رام ہسپتال سے آج بھی لوگ فیضیاب ہو رہے ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر رتھ فائو نے کراچی میں کوڑھ کے مرض میں مبتلا مریضوں کی امید کی کرن بن کر اپنی سا ری زندگی ان مریضوں کے لیے وقف کر دی۔ دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کے لیے مختلف سیکورٹی اداروں میں مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے اس دھرتی کے بیٹے اور بیٹیاں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ ہمیں اپنے اسلاف کے عہد پر قائم رہتے ہوئے اقلیتی برادری کے ہر ممکن تحفظ کا اعادہ کرنا ہے۔ میں سمجھتا ہوں اقلیتی برادریاں جو پاکستان میں رہتی ہیں ان کے تحفظ ، سکیورٹی کیلئے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں اپنے طور پر جتنے بھی اقدامات اٹھائیں گی وہ کم ہوگا۔ پاکستان کے ہسپتالوں میں ہماری اقلیتی برادری کی نرسز اور ڈاکٹرز نے بھی اپنی خدمات دکھی انسان کے لئے سر انجام دی ہیں۔ قائد محمد نوازشریف نے ہر فورم پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ترجمانی کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے حقوق کے لیے پوری کاوشیں جاری رکھیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق سے جلد اس ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کر لیں گے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے آزاد شہری ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے چند روز پہلے وادی تیراہ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں زخمی ہونے والے لیفٹینینٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان پاکستان کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارے شہداء اور انکے اہلِ خانہ پوری قوم کا فخر ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف 14 اگست کو ایک اقتصادی منصوبے کا اعلان کریں گے جس میں ریئل ٹائم برآمدات پر مبنی نمو کے بنیادی اصول واضح کیے جائیں گے اور دہائیوں پرانی اقتصادی رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم سے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔نوجوانوں پر اس دنیا کے مستقبل کے معمار میں اور نوجوان افراد ہی تبدیلی کا اصل محرک ہیں۔ مالی سال 2024-25 کے دوران 100 ارب روپے اضافی مختص کرنے کے منصوبے کے ساتھ، ملک بھر میں تقریباً 300,000 نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنایا جائے گا۔ آج کے نوجوان کل کے رہنما ہیں۔نوجوان ہی ہمارے ملک کا روشن مستقبل کی تشکیل دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے ملاقات کی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیر اعظم نے امام مسجد نبوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے ، آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے انتہا عزت و احترام ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا رشتہ دہائیوں پر محیط ہے۔ امام مسجد نبوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔