امام مسجد نبوی کی ملاقات، حکمرانی کیلئے حضرت عمرؓکے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں : مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور عمر میں خیر وبرکت کی دعا کی۔ مریم نواز نے کہا کہ اہل پنجاب کی طرف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان ان کا گھر ہے۔ میرے والد محمد نوازشریف کے ساتھ سعودی شاہی خاندان کی دوستی اور رفاقت قابل رشک ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمارا پاور ہاؤس مدینہ منورہ میں ہے۔ حکمرانی کیلئے حضرت عمر فاروقؓ کے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں۔ حضرت عمر فاروقؓ حکمرانوں کیلئے مینارہ نور اور مشعل راہ تھے۔ اتنا لاہور کا پتہ نہیں لیکن مدینہ منورہ کی ہر ہر گلی کا علم ہے۔ ہر روز دعاکرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے عوام کی خدمت کا مشن پورا کرنے کی توفیق دے۔ محمد شہبازشریف کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات اچھی رہی۔ محمد بن سلمان بھی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور میرا مشن بھی یہی ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان اخلاص کے ساتھ سعودی عرب کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ روحانی اور سیاسی رہنمائی کیلئے سعودی عرب سے رجوع کرتے ہیں۔ مسلم امہ اور اہل پاکستان کا حرمین شریفین سے روحانی اور قلبی تعلق ہے۔ قرآن اور سنت کے بعد سعودی عرب میں امام کعبہ اور امام مسجد نبوی سے رہنمائی لیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے بہت سال مدینہ منورہ میں امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی امامت میں نماز کی سعادت عطا فرمائی۔ امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی قرات سن کر رقت طاری ہوجاتی ہے اور ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے اہل پنجاب کیلئے خادم الحرمین الشریفین اور اہل مدینہ کی نیک خواہشات کا پیغام دیا اور پرتپاک استقبال پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب آسمان پر اکٹھے چمکنے والے دو قطبی ستاروں کے مانند ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب سٹرٹیجک دوست ہیں، ماضی میں بھی تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔ محمد نوازشریف پاکستان کے دوست ہیں، ان کی لیڈر شپ پاکستان کیلئے بہتری اور فلاح کا باعث ہے۔ مریم نوازشریف بیٹی ہونے کے ناطے ان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔ مریم نواز کی گفتگو نے دل خوش کیا، دعا ہے اللہ تعالی اہل پاکستان کی محبت کو برقرار رکھے۔ پنجاب میں آمد پر بھرپور مہمان نوازی ہوئی، کوئی کمی محسوس نہیں کررہا۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو بہن کہا اور مدینہ منورہ حاضری کی دعوت دی۔ امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے پاکستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور خیر و برکت کیلئے دعا بھی کرائی۔ نوجوانوں کے عالمی دن پر مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ یوتھ کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ فرض ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے مواقع دے رہی ہے۔ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیوز کے تحت نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد پروگرام جاری ہیں۔ نوجوان طلبہ کی آسانی کے لئے ای اور پٹرول بائیکس دی گئیں۔ دوسرے فیز جلد لائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کو پھر لیپ ٹاپ سکیم دے رہی ہے۔ جلد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے وظائف دئیے جائیں گے۔ انشاء اللہ کسی نوجوان کی تعلیم میں فیس کی کمی آڑے نہیں آئے گی۔ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں۔ ارشد ندیم نوجوانوں کیلئے محنت سے کامیابی کے حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے۔ حکومت پنجاب اپنے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہی اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر اور پٹرول بم کی بجائے لیپ ٹاپ، کتابیں اور اعلی ڈگریاں دیکھنا چاہتی ہوں۔ مریم نواز نے بھکر میں ٹریفک حادثہ میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے‘ پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔