براڈ پیک مہم جوئی، کوہ پیما مراد سدپارہ جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس
سکردو؍ اسلام آباد (این این آئی+ خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) براڈ پیک کی مہم جوئی کے دوران کے ٹو پر زخمی ہونے والے پاکستانی کوہ پیما مراد سد پارہ جاں بحق ہوگئے۔ الپائن کلب کے نائب صدر ایاز شگری نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ مہم جوئی کا ایک اور باب بند ہوگیا۔ رواں سال مراد سدپارہ نے کے ٹو کلین اپ سمیت کے ٹو ریسکیو مشن میں حصہ لیا۔ اس سے قبل وہ کے ٹو سمیت کئی چوٹیوں پر سبزہلالی پرچم لہرا چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں براڈ پیک پر مہم جوئی کے دوران ان کے سر پر گہری چوٹ آئی، جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہ پیما مراد سدپارہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے مرحوم کے لیے بلندی درجات کی دعا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معروف کوہ پیما مراد سد پارہ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مراد سد پارہ نے جان پر کھیل کر کوہ پیماؤں کو ریسکیو کیا۔ مراد سد پارہ کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔