انٹرنیٹ ڈاؤن، وٹس ایپ دیگر سروسز، آن لائن کاروبار شدید متاثر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ انٹرنیٹ کی سپیڈ مسلسل کم رہی اور خصوصاً ڈیٹا پر انٹرنیٹ سروسز خلل کا شکار تھیں۔ دوسری جانب رابطوں کا اہم ذریعہ واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی وجہ سے شہری اور کاروباری افراد مشکلات کا شکار ہیں جبکہ شہریوں کاکہنا ہے کہ اس سے نہ صرف ان کے حقوق متاثر ہورہے ہیں بلکہ ریاست کوبھی مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے سے آن لائن فائیور دیگر پلیٹ فارمز، کاروبار کی لین دین میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔ صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش پر بھی سراپا احتجاج ہیں اور اسے آزادی اظہار کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سید امین الحق نے اٹارنی جنرل اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کو طلب کرلیا۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن کو سوشل میڈیا سروسز میں رکاوٹ کی وجوہات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام اور ایکس کی بندش کی وجوہات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ قائمہ کمیٹی نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے اور موبائل سگنلز کمزور ہونے کی بھی تفصیلات طلب کرلیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس 21 اگست بروز بدھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔