• news

سعودی فرماں روا، ولی عہد، امریکہ، روس کی یوم آزادی پر حکومت پاکستان، عوام کو مبارکباد

ریاض+ ماسکو + واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) یوم آزادی پاکستان پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مبارکباد دی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں اور امن و خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی سمیت افغان تنازع کے حل کی کوششوں کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ روسی صدر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ اور اس کے عوام کے مفاد میں اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے پاک روس تعمیری تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ روسی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی صحت اور کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔ جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سالوں سے ہمارے عوامی تعلقات ہمارے دو طرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ آنے والے سالوں میں ہم امریکا پاکستان شراکت داری کو وسعت دیتے ہوئے اور عوامی تعلقات کو مزید بڑھاتے ہوئے دونوں اقوام کے لیے مزید خوشحال مستقبل تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے ہمارے مشترکہ عزم کو مضبوط کرتے ہوئے ہم ایسی شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کو مزید محفوظ بنائے۔  ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے کانگریس مین پیٹ سیشنز نے بھی یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 14 اگست 2024ء ہے۔ آج کے دن کو ہم پاکستان کی یوم آزادی کے حوالے سے یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن جشن، اعزاز اور فخر کا دن ہے جو ان پاکستانیوں سے محسوس ہوتا ہے جو امریکا میں مقیم ہیں اور امریکا پاکستان اور ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی پرمبارکباد دی۔ سینیٹر کرس وان ہولن، کانگریس کی خاتون رکن سوزن وائلڈ، کانگریس رکن ٹام سوازی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن