بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گرفتار
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو اختیارات سے تجاوز اور بانی پی ٹی آئی کے لئے سہولت کاری کے الزام میں حساس اداروں نے حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پر جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام رسانی کا بھی الزام ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ جس کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو پہلے ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ سابق ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کا چند ہفتے پہلے اڈیالہ جیل سے تبادلہ بھی کیا گیا تھا۔ اڈیالہ میں ڈیوٹی کے دوران محمد اکرم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے اور واپس لے جانے سمیت دیگر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ ان پر یہ بھی الزامات لگے کہ وہ عمران خان کو جیل میں سرکاری سہولیات سے ہٹ کر بھی سہولتیں فراہم کرنے کے مرتکب پائے گئے۔