نوائے وقت ہیڈ آفس لاہور میں یوم آزادی کی تقریب، ملکی استحکام، خوشحالی کی دعا کی گئی
لاہور (نیوز رپورٹر) نوائے وقت ہیڈ آفس نے پاکستان کا 77واں یوم آزادی انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا اور آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر سی ای او نوائے وقت لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، ہیڈ آف آئی ٹی قیصر ندیم، ایڈیٹر سنڈے میگزین خالد بہزاد ہاشمی، چیف رپورٹر نوائے وقت ندیم بسرا، جی ایم اکاؤنٹ محمد شعیب اسلم، جی ایم اکاؤنٹ عماد صدیقی، منیجر ایچ آر شفیق سلطان، سمیت کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سی ای او نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس دن کو آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی قرار دیا جنہوں نے پاکستان کے حصول کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت، بصیرت اور پختہ عزم نے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا۔ روشن مستقبل کے لیے قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول اپنانا ہوں گے۔ انہوں نے شہداء مرد و خواتین کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں، گھروں اور روزگار کی قربانی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس آزادی کی حفاظت اور ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا فرض ادا کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ آزادی کے جذبے کو اپنے دلوں میں بسا کر قومی مقاصد کے حصول کے لیے انتھک محنت کریں۔ ایک مضبوط پاکستان کی تشکیل کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعد ازاں تقریب میں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب پاکستان کی خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔