• news

ہمیں معاشی قوت بننا ہو گا، پاکستان جب بھی ٹیک آف کرتا، چھپے ہاتھ گرا دیتے ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد + کوئٹہ (آئی این پی + این این آئی + نمائندہ نوائے وقت)  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں ہمیں معاشی قوت بننا ہوگا،پاکستان جب بھی ٹیک آف کرتا ہے،چھپے ہاتھ پھر گرادیتے ہیں،پاکستان میں ناراض ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے ، اللہ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ۔اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، اس ملک میں بہت صلاحیت ہے، میرا سیاسی کیریئر 31سال پر محیط ہے، پاکستان جب بھی ٹیک آف کرتا ہے،چھپے ہاتھ پھر گرادیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، ساری دنیا پاکستان کی پذیرائی کررہی تھی،کچھ لوگ گھبراتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ پتہ نہیں کیا ہوا،  جب بیرون ممالک جاتا ہوں تو لوگ کہتے ہیں آپ کے ملک کا 130ارب ڈالر کا قرضہ ہے، پاکستان کو اللہ نے 10ہزار ارب ڈالر سے زیادہ معدنیات سے نوازا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان 24ویں سے گرکر 47ویں معیشت پر آگیا، وزیراعظم اس کوشش میں ہیں کہ معیشت کو بہتر، جی ڈی پی گروتھ بڑھائی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے دشمن آپ کو ٹریپ کرتے ہیں، منفی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان جی 20میں شمولیت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے،قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خواب کو پورا کرکے عملی جامہ پہنائیں گے ،وطن عزیز میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ناراض افراد کی تھیوری کوئی معنی رکھتی ہے ،پاکستان کو اسلامی ممالک کا قلعہ بنائیں گے تاکہ ہر فرد سکون و خوشحالی کی زندگی بسر کرے۔وہ بلوچستان اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی و دیگر شریک تھے۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میں اپنی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے اہل بلوچستان و پاکستان کو جشن آزادی کی مبارک پیش کرتا ہوں، میری سب سے درخواست ہے کہ آئیں سب کو مل کر اتحاد و اتفاق سے پاکستان کو اس مقام پر پہنچائیں جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا ۔علاوہ ازیں ڈپٹی وزیر اظعم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور سمجی ترقی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن