• news

یوم آزادی پر پی ٹی آئی کی مختلف شہروں میں ریلیاں، درجنوں کارکن گرفتار، مقدمات درج

ساہیوال+ چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت) یوم آزادی ریلی نکالنے والے پی ٹی آئی  کے 5کارکنان گرفتار،  30/40نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج، عدالت نے مقدمہ خارج کرکے گرفتار ملزمان رہا کر دیئے۔  پی ٹی آئی ویسٹ ریجن پنجاب کے نائب صدر چوہدری آصف علی کی قیادت میں مڈھالی روڈ سے سرور چوک تک یوم آزادی کے سلسلہ میں گزشتہ شام ریلی نکالی گئی۔ جب ریلی سرور چوک پہنچی تو فرید ٹائون پولیس نے چوہدری آصف علی، شہباز خان مردانہ، شوکت علی، رضوان شاہ اور سید شاکر شیرازی کو گرفتارکرلیا جبکہ 30/40نامعلوم ملزمان اور گرفتار رہنما وکارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ گرفتار ملزمان کو ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد عارف خان نیازی کی عدالت میں پیش کیا تو مذکورہ مجسٹریٹ نے مقدمہ خارج کرکے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ چنیوٹ میں یوم آزادی کے موقع پر عمران خان کی رہائی کے لیے نکالی گئی ریلی کے بعد ضلعی صدر سمیت دیگر کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گذشتہ روز جشن آزادی کے موقع پر عمران خان کی رہائی کے لیے غلہ منڈی روڈ سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے بعد ضلعی صدر تحریک انصاف میاں شوکت علی تھہیم ایڈووکیٹ، ضلعی صدر خواتین ونگ اقصیٰ حیات لالی، اسد خٹک، زاہد نواز، عمران عاربی سمیت متعدد پارٹی کارکنان پر چنیوٹ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن