• news

فتنہ فساد نہ ہو تو آئیڈیل ملک بن سکتے ہیں، مریم نواز: پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے پرچم کشائی

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم آزادی پر شاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی اورقومی ترانہ پیش کیا گیا۔  وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مزار اقبال  پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازکو بادشاہی مسجد کی سڑھیوں پر کھڑے بوائے سکاوٹس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ سندھی، بلوچی، کلاش، کشمیری، پنجابی،چولستان اور دیگر علاقائی لباس میں طالبات نے تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اپنی نشست چھوڑ کر سپیشل بچوں کے درمیان پہنچ گئیں اور بچوں کے ترانے کی تعریف کی۔  مریم نوازشریف نے حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے  خطاب کیا ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں موجود ہر فرد اور پاکستان کے ہر شہری کو پاکستان کی 77ویں سالگرہ کی دل کی گہرایوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں ۔ بچوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کی باگ ڈور آپ اور آنے والی نسل کے ہاتھ میں ہوگی۔ انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے گا۔ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کررہے ہیں کہ ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میں سوال کرنا چاہتی ہوں، اس سوال پر آپ نے ضرور سوچنا ہے کہ ہم پائندہ قوم ہیں، کیا ہم ہی زندہ قوم ہیں؟۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں کئی دہائیوں کے بعدپاکستان کا جھنڈا دیگر جھنڈوں سے بلند ہورہا تھا اور پھر ہمارا جھنڈا سب سے بلند ہوگیا۔ ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ ہم نے ان کے ٹیلنٹ کا مکمل فائدہ نہیں اٹھایا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر کہتی ہوں کہ چاہے سپیشل بچے ہوں یا دیگر نوجوان اگر ان کو سپورٹ کیا جائے تو اس قوم کو اس ملک کو ترقی کرنے سے دنیا بھی نہیں روک سکتی۔  تمام پاکستانیوں کو کہنا چاہوں گی کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا ہی یہاں بسنے والی اقلیتی برادری کا ہے۔ا قلیتی برادری کے لئے اپنے دل اور دماغ کے دروازے کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی تفریق نہیں ہے، ہم سب پاکستانی ہیں۔ نوجوان بچوں کو ایمان، اتحاد، یگانگت کی مثال قائم کرنی ہے۔ جہاں اقلیتی برادری سے زیادتی ہوں، جہاں ان کو تکلیف دی جاتی ہے وہاں ہم سب کا ایکشن لینا بہت ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے تمام سیاستدانوں جنہوں میں ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے خصوصاً نوازشریف صاحب جنہوں نے اس ملک کو ہمیشہ کے لئے ایٹمی قوت بنایا، ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ افواج پاکستان، پولیس، سیکورٹی فورسز،بیوروکریسی یا کسی بھی فیلڈکے ہر اس فرد کوجس نے ملکی ترقی کے لئے کام کیا،سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم ایک آزاد سانس لے رہے ہیں،آزادی کی قیمت فلسطین کے مظلوم شہریوں سے پوچھیں، ہم ان کی آزادی کے لئے دعا گو ہیں۔  ہر زندہ اور جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے، ہمیں انفرادی اور بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہے۔  جو وقت گزر گیا وہ گزر گیا، جو ہوگیا سو ہوگیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاسی استحکام ہو، فتنہ فساد نہ ہو، لڑائی جھگڑے اور گالی گلوچ نہ ہو، ایک قوم بن کے آگے بڑھے تو ہم ایک آئیڈیل ملک بن سکتے ہیں۔ اس مٹی کے تمام شہداء ، افواج پاکستان، سیکورٹی فورسز اور پولیس کے شہداء  جنہوں نے وطن عزیز کے لئے جانیں قربان کیں ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔  تقریب سے عہد کرکے رخصت ہوں کہ آئندہ جب بھی سوچیں گے تواپنے ملک کے لئے ا نفرادی نہیں بلکہ بحیثیت قوم سوچیں گے۔ آپ جو بھی قدم اٹھائیں اس ملک کی بہتری کے لئے ہونا چاہیے۔  سیاسی اختلافات سے ہٹ کرملک کے لئے یکجا ہوجائیں۔  ہمیں زندہ قوم کی طرح اس ملک کو آگے بڑھانا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے میرے نصیب میں یہ سعادت لکھی کہ پاکستان کی،پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے پاکستان کا جھنڈا فضا میں بلند کیا، میرے لیے بہت جذباتی لمحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سعادت کا کریڈٹ پاکستانی قوم، والدین جنہوں نے اس وطن کی محبت مجھ میں کوٹ کوٹ کر بھری کو دینا چاہتی ہوں۔ میں پاکستان کی تمام خواتین کی نمائندگی کررہی ہوں۔ مریم نوازشریف یوم آزادی پراچانک سی بی ڈی والٹن پراجیکٹ پہنچ گئیں اور کلمہ چوک سے والٹن کی طرف جانے والے روڈ 47 کا دورہ کیا۔ پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا ۔  انہوں  نے والٹن روڈ پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی  اور کہا کہ والٹن روڈ پراجیکٹ کی وجہ سے عوام کو ہونے والی دشواری کا احساس ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر سینئر صحافی اخلاق احمد باجوہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن