• news

ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد؍ لاہور؍ جدہ؍ بیجنگ؍ لندن؍ نئی دہلی؍ استنبول؍ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ امیر محمد خاں سے+ سٹاف رپورٹر)  ملک بھر میں 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تحریک آزادی پاکستان کے شہداء  کے لئے خصوصی طور پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔  اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔  مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام  ہوا۔ جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا۔  علاوہ ازیں جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں سبز ہلالی پرچم کی پرچم کشائی قونصل جنرل خالد مجید نے کی۔  اس موقع پر او آئی سی  کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایمبسیڈر آفتاب احمد کھوکر نے خصوصی شرکت کی اور قونصل جنرل کے ہمراہ  پرچم کشائی کی۔ دریں اثناء بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سمیت سفارت خانے کے اعلی حکام اور چین میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کا قومی پرچم فضا میں بلند کیا۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمشن میں یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور پرچم کشائی کی گئی۔  علاوہ ازیں  ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان منایا گیا۔ پاکستانی سفیر یوسف جنید نے پرچم کشائی کی۔ صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے کام جاری رکھنے کا عہد کرنا چاہئے۔ دریں اثناء  لاہور میں واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دریں اثناء  نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشن میں یوم آزادی منایا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب میں پاکستانی ناظم الامور پاکستان ہائی کمشن سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم سربلند کیا۔ تقریب میں پاکستان ہائی کمشن کے افسران اور عملہ خاندانوں کے ساتھ موجود تھا۔ دریں اثناء  سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹرز اور ائیرپورٹس پر پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تقریب میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس عابد علی نے پرچم کشائی کی۔ ڈائریکٹر ہیومن ریسورس عابد علی نے ڈی جی سول ایوی ایشن اور ڈی جی ائیرپورٹس اتھارٹی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے یوم آزادی پر سول ایویشن ملازمین کو مبارکباد دی۔ امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے کہا ہے کہ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کو جشن آزادی مبارک ہو، یہ سنگ میل دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 77 سال کا بھی نشان ہے۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں 14 اگست کی مناسبت سے شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری اقتصادی ترقی، خوشحالی اور علاقائی استحکام کے اہداف پر قائم ہے۔ جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے جشن آزادی پر قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مزار قائد پر موجود ڈاکٹر روڈیگر نے کہا کہ قائد اعظم نے ایک ایسے ملک کا تصور دیا، جو رنگ، نسل، مذہب مسلک سے بالاتر ہو۔ امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلق کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کروں گا۔ یو اے ای قونصلیٹ کراچی میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن