• news

بشریٰ بی بی سے پولیس کی اڈیالہ جیل میں 30 منٹ تک تفتیش

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے 9 مئی کے 12 مقدمات کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی پولیس کی 6 رکنی تفتیشی ٹیم بشریٰ بی بی سے تفتیش کرنے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی، تفتیشی ٹیم کی سربراہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) فیصل سلیم کر رہے تھے۔ تفتیشی ٹیم میں ایک خاتون ڈی ایس پی فوزیہ بھی شامل تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے30 منٹ تک بشریٰ بی بی سے تفتیش کی، تفتیشی ٹیم میں شامل ڈی ایس پی فوزیہ نے بشریٰ بی بی سے سوالات کیے۔ بشریٰ بی بی سے سانحہ 9 مئی کے مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق دریافت کیا گیا۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے بشریٰ بی بی سے اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق سوالات کیے۔ پولیس ٹیم نے بشریٰ بی بی سے موجود شواہد کی بنیاد پر تفتیش کی۔ عدالت نے ایک ہفتے میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ 12 اگست کو عدالت نے بشریٰ بی بی کے درخواست ضمانت خارج کی تھی، انہیں 9 مئی کے 12 مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن