• news

کرم میں آپریشن، 7 خوارج ہلاک: ڈی جی خان چوکی پر 50 دہشتگردوں کا حملہ ناکام

  اسلام آباد‘لاہور‘ پشاور‘ راولپنڈی ( خبر نگار خصوصی ‘نامہ نگار‘نوائے وقت رپورٹ)  سکیورٹی فورسز نے خیبرپی کے  کے ضلع کرم میں کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارجیوںکو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 اگست کو، سکیورٹی فورسز نے کرم ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ جس کے دوران دہشت گرد (خوارج) کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے سات خوارج ہلاک ہوئے جبکہ پانچ زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا۔ جہاں سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی بھی دیگر خوارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے رات گئے اچانک حملہ کیا۔ چیک پوسٹ لکھائی پر چاروں طرف سے 50 سے 60 خوارجی دہشت گرد حملہ آور ہوئے۔ ترجمان کے مطابق تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی۔ پولیس اہلکاروں نے بروقت مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی۔ پولیس کی بھرپور فائرنگ نے دہشت گردوں کو پسپائی اور فرار پر مجبور کر دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ چوکی پر تعینات اہلکاروں کو گیلنٹری میڈلز ، تعریفی اسناد اور کیش انعامات دئیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن