9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی، کل ایک سینئر افسر کو تحویل میں لیا گیا: رانا ثنا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ کل ایک سینئر افسر کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران رانا ثناء نے کہا کہ جب دھرنا ہوتا تھا اس وقت بھی یہ بات ہوتی تھی کہ فلاں صاحب اس کے پیچھے ہیں۔ 9 مئی واقعات کے بعد یہ واضح تھا کہ اس کے پیچھے فلاں صاحب کا ہاتھ تھا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی والے معاملے پر بھی فیض حمید کا نام لیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے۔ تحقیقات اب جاری ہیں، جو لوگ ملوث ہوں گے ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔ مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی کو جس کا نام دیا گیا، انہوں نے پورے معاشرے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ اتنے بڑے گند کو صاف کرنے کیلئے 2 سے 4 دن کیلئے تکلیف برداشت کرنی پڑے تو کچھ بھی نہیں۔