پاکستانی طلبہ کی عالمی ایروسپیس مقابلوں میں تیسری پوزیشن، کانسی کا ایوارڈ جیت لیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نیسٹ) کے پاکستانی طلبہ نے عالمی ایرو سپیس سائنس کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کانسی کا ایوارڈ جیت لیا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی طلبہ نے ہانگ کانگ میں ہونے والے انٹرنیشنل سپیس سائنس اینڈ سائنٹیفک پے لوڈ 2024ء کے مقابلے میں ایوارڈ اپنے نام کیا۔ عالمی ایروسپیس سائنس مقابلوں کے فائنل میں 10 ممالک کی ٹیمیں پہنچی تھیں، جن میں پاکستانی طلبہ کی ٹیم بھی شامل تھی۔ پاکستان طلباء نے خلابازوں کے تحفظ کے لیے ایک سمارٹ ریڈی ایشن شیلڈ ڈیزائن کی تھی، جس کی بنا پر انہیں فائنل تک پہنچنے میں کامیابی ملی اور انہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم میں شرجیل سالک، معیز انصاری، عبدالواجد، آمنہ رحمان، فضا مجید، صالحہ عابد، کوئب کلیم اور ہانیا عرفان شامل تھیں۔ مذکورہ مقابلوں میں دنیا کے 50 ممالک کی 80 یونیورسٹیز کے ایک ہزار سے زائد طلبہ نے ٹیمز کی صورت میں شرکت کی اور انہوں نے اپنے آئیڈیاز وہاں پیش کیے۔