شمالی وزیرستان میں آپریشن، 3 خوارج ہلاک، اسلحہ، گولہ بارود برآمد
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) خیبر پی کے کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 فتنہ خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رزمک میں فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 3 خوارج ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں موجود مزید خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی جا رہی ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے خوارج اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔