شجاعت سے ملاقات، ترقی کیلئے اپوزیشن سمیت سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے گورنر: ارشدندیم کو 20لاکھ کا چیک دیدیا
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ارشد ندیم کا پاکستان کے لیے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ ارشد ندیم ہمارے ہیرو ہیں۔ پوری قوم ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن منا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس سے قبل قومی ہیرو ارشد ندیم کا گورنر ہائوس آمد پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی آپ مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ گورنر پنجاب نے ارشد ندیم کو 20 لاکھ کا چیک پیش کیا۔ ارشد ندیم کی والدہ کو سندھ حکومت کی جانب سے گاڑی کی چابی بھی پیش کی۔ تقریب میں ارشد ندیم کو ایک نجی سوسائٹی کی طرف سے ایک کنال کا پلاٹ جبکہ ایک اور نجی سوسائٹی کی طرف سے دس مرلے کا ایک پلاٹ بھی دیا گیا۔ سندھ حکومت کی طرف سے پچاس لاکھ کا چیک ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کو بھی دیا گیا۔ اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے کہا کہ میرے والدین کی دعائوں کی مدد سے مجھے کامیابی ملی۔ پوری قوم نے جس طرح ان کا استقبال اور پذیرائی کی وہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ سرجری بھی اسی سال ہوئی ہے۔ اللہ کے کرم اور قوم کی دعائوں سے وہ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ میرے کوچ نے میری بہت مدد کی اور میرا حوصلہ بڑھایا۔ آنے والے وقت میں بھرپور محنت کروں گا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حید خان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اتنی عزت اور محبت دی۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، چوہدری شجاعت حسین کے گھر گئے۔ ان سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے گورنر پنجاب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین کے دونوں صاحبزادے چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، مذہبی امور، بین المذاہب ہم ہنگی، چوہدری شافع حسین صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت، چوہدری وجاہت حسین اور دیگر موجود تھے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آپ ملک کا سرمایہ ہیں۔ آپ کی سیاسی سمجھ بوجھ، تجربہ اور معاملہ فہمی قابل تحسین ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حالات میں صدر زرداری اور چوہدری شجاعت حسین ایسی شخصیات ہیں جو کہ سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکتیں ہیں۔ ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کو گورنر ہائوس آنے کی دعوت بھی دی۔سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ احمد حسان نے بھی گورنر ہاؤس کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسامہ پرویز بٹ، خالد ہاشمی بھی موجود تھے۔