• news

سازشوں کا سراغنہ بانی پی ٹی آئی ، سہولت کا ر فیض حمید، ثاقب ہویا نثار معاملات آگے بڑھیں : وزیراطلاعات

اسلام آباد  (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سازش کا سرغنہ عمران خان اور سہولت کار فیض حمید تھے، پاک فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں بجلی کے صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ ہفتہ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی کے بلوں میں دو ماہ کے لئے فی یونٹ 14 روپے کمی کی ہے اور اس مقصد کے لئے 45 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔  پنجاب حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بہت بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء سے پہلے مہنگائی 4 فیصد تھی اور شرح نمو 6 فیصد، اس کے بعد مہنگائی 22 فیصد سے بھی اوپر گئی، اس دور میں 190 ملین  ڈالر کے تحائف لوٹے گئے، سائفر کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ مہنگائی 11 فیصد پر آ گئی ہے اور تمام عالمی مالیاتی ادارے اور جریدے کہہ رہے ہی کہ مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے پچاس ارب روپے کی سبسڈی دی جو بہت بڑا قدم تھا۔ حالات میں بہتری لانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا، نواز شریف کی قیادت میں اٹھائیں گے۔ وفاقی حکومت شہباز شریف کی قیادت میں اور پنجاب حکومت مریم نواز کی قیادت میں عوامی ایجنڈے پر کاربند ہیں، عوام کو ریلیف فراہم کر کے دم لیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک فوج نے شفاف تحقیقات کی ہیں، فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تحقیقات کا دائرہ کار مزید بڑھتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیڈر نے ملک میں انتشار اور تقسیم کی سیاست کی، ان لوگوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے ملک میں بدامنی پھیلائی اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے اس تمام سازش کا سرغنہ عمران خان اور سہولت کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور دیگر لوگ تھے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں یہ گٹھ جوڑ کام کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا دائرہ کار مزید بڑھے گا۔  کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملک میں تباہی پھیلائے۔ انہوں نے طالبان کو واپس لایا اور یہاں بسایا، آج ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں انتشار پھیلانے کی کوششوں میں یہ لوگ اس کا حصہ تھے، انہوں نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، ملک میں انتشار پھیلایا، شواہد سامنے آ رہے ہیں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا۔ نہ صرف انہوں نے تحریک عدم اعتماد کے دوران گٹھ جوڑ کی سیاست کی بلکہ جیل سے بھی پیغام رسانی جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے خود احتسابی کے عمل کو سراہتے ہیں، جو کوئی بھی ملک میں انتشار پھیلائے گا اس کا انجام یہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی خود احتسابی کرنی چاہئے اور اس کا دائرہ کار وسیع ہونا چاہئے۔  وفاقی حکومت نے بلوچستان کی حکومت کے ساتھ مل کر شمسی توانائی پر ٹیوب ویلز لگانے کا مشترکہ منصوبہ شروع کیا ہے۔  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لطیف کھوسہ کو جھوٹ اور بہتان والی باتیں زیب نہیں دیتی، جھوٹ، بہتان اور الزام تراشی ان کے لیڈر کا وطیرہ رہا ہے اور وہ اسی وطیرے کو اپناتے ہوئے ایسی باتیں کر رہے ہیں، یہ وہی سازش ہے جو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے پی ٹی آئی دور میں چیف جسٹس کی اہلیہ کے بارے میں کی تھی اور انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، یہ مائنڈ سیٹ آج بھی جاری ہے۔ پی ٹی آئی نے انکے خلاف جو مہم شروع کی ہے، یہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔  وزیراعظم نے ایک ٹاسک فورس قائم کر دی ہے بجلی چوری کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے کریک ڈا?ن کیا جائے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے دیگر عوامل پر بھی نظرثانی ہوگی اور اس کا پائیدار اور دیرپا حل نکالا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی خوش آئند ہے، سیاسی مداخلت اور کرپشن کے خلاف پاک فوج نے قدم اٹھا کر مثال قائم کی ہے، دیگر اداروں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔ ا انہوں نے کہا کہ کھیلوں پر کسی کو اختلاف نہیں، میڈیا کے توسط سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے کہوں گا کہ وہ عوام کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کریں۔ خیبر پختونخوا میں اچھے سپورٹس مین ہیں، ہماری کرکٹ ٹیم میں بھی کئی کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا فخر ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ارشد ندیم جیسے جوان اس ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن