• news

معاشی پلان سے ترقی کی راہ ہموار ہوگی ، وزیراعظم

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پانچ سالہ معاشی پلان کے اہم اہداف پر معاشی ٹیم کے ساتھ اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو دیئے گئے اہداف کیلئے فائنل ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعظم کے اعلان کے ساتھ ہی پانچ سالہ معاشی پلان پر عملدرآمد شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ معاشی پلان پر سختی سے عملدرآمد ملکی معیشت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ٹیم کو ہدایت کی کہ معاشی پلان میں اہم اہداف طے کرنے سے ترقی کی راہ ہموار ہو گی، ڈپٹی وزیراعظم، وزیر خزانہ سمیت معاشی ٹیم کے وزرا نے وزیراعظم کو متعلقہ اہداف پر بریفنگ دی۔ وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور ایف بی آر نے معاشی پروگرام بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر فوری عملدرآمد کرنے سے آمدن میں اضافہ کرنے پر اتفاق ہوا، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کا پراسیس جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آمدنی میں اضافہ کے باعث عوام کو ریلیف دینے پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے اسحاق ڈار اور محمد اورنگزیب کو معاشی پلان پر جلد عملددرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں جی ڈی پی گروتھ، برآمدات، ایف بی آر اہداف، نجکاری پلان، مالیاتی خسارہ کنٹرول، پرائمری بیلنس سرپلس، پی ایس ڈی پی، سرمایہ کاری، اوورسیز اور زراعت پلان اہداف میں شامل ہیں جبکہ انرجی ریفارمز، اخراجات میں کٹوتی، فارمرز کریڈٹ لینڈنگ، ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن بھی پلان کا حصہ ہے۔ پانچ سالہ پلان کے تحت جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد اور مہنگائی کو 7 سے 8 فیصد تک محدود کرنے کا پلان ہے۔ جبکہ مالیاتی خسارہ رواں مالی سال جی ڈی پی کا 6 فیصد، آئندہ سال 4.7 فیصد تک محدود کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح مالیاتی خسارہ سال 27-2026ء میں 3.6 فیصد اور مالی سال 2028ء میں مزید کم کرنے کا پلان ہے اور برآمدات کو پانچ برسوں میں دوگنی کر کے 60 ارب ڈالر سے زائد بڑھانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ ذرائع پی ایم آفس کے مطابق برآمدات میں ہر سال تقریباً 5 سے 6 ارب ڈالر اضافے کیلئے پلان تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے فارمرز کریڈٹ لینڈنگ بڑھانے کیلئے کمرشل بنکوں کے ساتھ مل کر پلان مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ شہباز شریف جلد ہی آئندہ پانچ سالہ معاشی پلان کا اعلان کریں گے۔ منکی پاکس کے عالمی خطرات کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مرض کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک کے حوالے سے بات کی گئی۔ منکی پاکس سے متعلق اہم اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال، مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستبابی اور سکریننگ کے نظام سے متعلق بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، قومی ادارہ صحت، این سی او سی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت، سیکرٹری اور ڈی جی صحت بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ اور ائرپورٹس پر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جب کہ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

ای پیپر-دی نیشن