• news

بجلی بلوں میں ریلیف مفت نہیں ، پنجاب نے 45ارب اداکئے مریم نواز 

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں رود کوہی کے خطرات کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات کا حکم دیا ہے اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف اضلاع میں زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں کے مکینوں کی معاونت کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ نارووال، سیالکوٹ، شکر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں سیلابی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے مکینوں کو بروقت ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے۔ دیہات میں مال مویشی بھی سیلاب سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کر دئیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں سانپ کے کاٹنے پر درکار ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ خدا نخواستہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقو ں میں ٹریفک کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی بھرپور مانیٹرنگ کریں۔ مختلف شہروں میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کا نوٹس لے لیا اور  متعلقہ حکام کو فوری طور پر نکاسی آب مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنرز کو نکاسی آب آپریشن کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے۔ سڑکوں، بازاروں، گلی محلوں میں کھڑے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔ عوام کو کسی بھی قسم کی دقت نہ اٹھانی پڑے۔ بارش کے دوران عوام کی خدمت کے لئے ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسر اور اہلکار قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف شہروں میں بارشوں سے چھتیں گرنے سے مزدوروں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں  نوازشریف مریم نواز مری پہنچ  گئے۔  نواز شریف اور مریم نواز کشمیر پوائنٹ باغ شہیداں میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کریں گے۔ ذرائع نے  بتایا ہے کہ مری ڈویلپمنٹ پلان مریم نواز اور میاں نواز شریف کو بریفنگ دی جائے  گی۔ وہ دو روز مری میں قیام کریں گے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے نالا ڈیک میں 3 نوجوانوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیارے مصطفیٰ بھائی‘ پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لئے پیسے دے کر لیا ہے۔ اس ریلیف کے لئے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کئے ہیں۔ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلیف فراہم کریں‘ شکریہ 

ای پیپر-دی نیشن