• news

چوری  کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومیتں تعاون کریں : بجلی کمپنیوں میں کرنٹ عناصر کیساتھ سختی سے نمٹیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات دی ہیں صوبائی حکومتیں ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کو بجلی چوری روکنے کیلئے پولیس اور تحصیلدار فراہم کریں۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت توانائی اور پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور اویس لغاری سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو پاور ڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنانا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی ترسیل کی 5کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین، ممبران کی تعیناتی شفاف طریقے سے کی گئی، امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ صوبائی حکومتیں ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق انسداد بجلی چوری کے لیے پولیس اور تحصیلدار دیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ڈسکوز کی شکایات کے ازالے سے متعلق کچہریوں کا نظام مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی۔ جبکہ شہباز شریف نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بجلی کی ترسیل کی پانچ کمپنیوں میں شفاف عمل کے ذریعے نئے بورڈ چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر اور سیکرٹری پاور ڈویژن کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی، انسداد بجلی چوری اور دیگر معاملات پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنے اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد بجلی چوری کیلئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جائے۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں موجود کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔ 

ای پیپر-دی نیشن