• news

پنجاب کی طرح دیگرصوبے بھی عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دیں : عطاتارڑ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی عوام کو بجلی بلز میں ریلیف دیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی زندگی مزید آسان بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلی ترجیح بجلی کے بلز میں ریلیف دینا ہے، جسے ہر ممکن حد تک فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے وفاقی حکومت نے پورے پاکستان میں ایک تا 200 یونٹ تک تمام پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کو 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے سبسڈی دے کر ریلیف فراہم کیا۔ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے نکالے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پنجاب حکومت نے ا سی سلسلے کو آگے بڑھایا اور ایک احسن اقدام کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے فنڈ سے 45 ارب روپے نکال کر 201 سے 500 یونٹ تک کے صارفین کو بجلی کے بلز میں سبسڈی فراہم کر دی۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں کے پاس بھی یہ آپشن موجود ہے کہ وہ اپنے طور پر عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں، جس طرح وفاقی حکومت نے 3 ماہ اور پنجاب حکومت نے 2 ماہ کے لیے دیا ہے۔ اسی طرح اس مسئلے کا دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہا جانا چاہیے اور یہ دیگر صوبوں کے لیے ایک ترغیب کے مترادف ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حافظ نعیم، سندھ حکومت یا دیگر لوگ جو اس پر بات کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ پنجاب حکومت کے اقدام کو سراہیں۔

ای پیپر-دی نیشن