گرینڈاپوزیشن اجلاس، اگست جلسے کی تیار یاں : بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے، گوہر
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) گرینڈ اپوزیشن قیادت کا اہم ترین اجلاس سربراہ تحریک تحفظ آئین ایم این اے محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں 22 اگست کے جلسے کی تیاری کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، اپوزیشن لیڈر سینٹ شبلی فراز، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق سپیکر اسد قیصراور صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں شرکاء کی جانب سے 22 اگست کے اسلام آباد جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس کے شرکاء نے پارلیمنٹ میں حکومت کے موجودہ کردار پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔ قائدین نے کہا کہ پرامن جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ تحریک انصاف انتظامیہ کی اجازت سے 22 اپریل کو اسلام آباد ترنول کے مقام پر عظیم الشان جلسہ کرے گی۔ پورے ملک سے کارکنان کو جلسہ میں پہچنے کی ہدایت کی گئی۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے بتایا کہ امید ہے انتظامیہ ہمارے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ تحریک انصاف کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ رؤف حسن نے جو بھی رابطے رکھے وہ نارمل ہے، کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور حصہ لے گی۔ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ امیدوار زیادہ سے زیادہ تعداد میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں۔ پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کو ناکاقی قرار دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بجلی کی قیمت سب کیلئے اور مستقل کم ہونی چاہئے۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہمیں عدلیہ سے بہت امیدیں ہیں۔ ہمیں اسمبلی میں بات نہیں کرنے دی جاتی۔ ہماری تین سیٹیں دوبارہ گنتی کی آڑ میں چھینی جا رہی ہیں۔ یہ دور پرویز مشرف کے دور سے بھی زیادہ خراب دور ہے۔