• news

فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا : بانی پی ٹی آئی 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں  عمران خان کا کہنا تھا کہ فیض حمید سے کوئی بیان دلوا کر مجھے ملٹری کورٹ کی طرف لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  میں نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مکمل حمایت کی لیکن انہوں نے میری کمر میں چھرا گھونپا۔ باجوہ نے نواز شریف سے ڈیل کرکے فیض حمید کو عہدے سے ہٹایا تھا۔  بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے میرے خلاف باقی سارے کیسز فارغ ہو چکے ہیں، اس لیے وہ اب مجھے ملٹری کورٹس کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ یہ فیض حمید سے کوئی نہ کوئی ایسا بیان دلوائیں گے کہ 9 مئی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو سازش کرتا ہے وہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہیں کرتا۔ رجیم چینج میرے خلاف ہوا اور مجھے ہی جیل میں ڈال دیا گیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ انہیں شرم نہیں آتی یہ کہتے ہوئے کہ فیض بشریٰ بی بی کو ہدایات دیتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن