• news

باجوڑ: افغانستان سے دراندازی کرینوالے 5خوارج ہلاک ،3جوان شہید

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نمائندہ خصوصی) افغانستان کے علاقے سے پاکستان میں دراندازی کرنے والے پانچ خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر تین جوان بھی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 18/19 اگست 2024ء کی درمیانی رات خوارج کے ایک گروپ نے پاکستان- افغانستان کی سرحد پر ضلع باجوڑ میں دراندازی کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج کے پانچ خوارجیوں کو جہنم بھیج دیا۔  فائرنگ کی زد میں آ کر  چار خوارجی زخمی ہو گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر جوان، نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، رہائشی ضلع خیبر)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، رہائشی ضلع مانسہرہ) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ پشاور) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔  پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صدر زرداری نے باجوڑ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت  نے کہا کہ  قوم کے شہداء  قوم کا فخر ہے۔ قوم قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔ صدر نے شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا  کی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آئی جی خیبر پی کے اختر حیات گنڈا پور کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں پیش آیا۔  دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن