• news

برطانیہ، فسادات پر عدالتی نظام نے حکومت کی معاونت کی، پاکستان میں سزا، جزا 16 ماہ سے مفلوج: خواجہ آصف

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا برطانیہ میں حالیہ فسادات نے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ قانون کی حکمرانی اور بلا تاخیر انصاف اور عدالتی نظام کی حکومت کے ساتھ معاونت نے اس امر کو یقینی بنایا ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے قانون کی گرفت سے بچ نہ سکیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کْل گرفتاریاں 1000 سے زائد ہوئیں، ابھی تک 500 سے زائد افراد پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے، گرفتار افراد کی اوسط عمر تقریباً 30سال ہے۔ان کا کہنا تھا ابھی تک قید کی سزائیں 125 کے لگ بھگ ہیں، آن لائن جرائم کے مرتکب تقریباً 3 درجن افراد ہیں۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا اس کے برعکس وطن عزیز میں 9 مئی کو سازش کے تحت مسلح بغاوت برپا کی گئی، مختلف شہروں میں دفاعی تنصیبات پر حملے ہوئے، ملک کی اساس پر وار کیا گیا۔خواجہ آصف نے کہا اتنا بڑاسانحہ اور سزا اور جزا کا عمل 16 ماہ سے مفلوج ہے، قانون یرغمال ہے، عمل داری ذاتی خواہشات کی ہے، آئین اور قانون بے توقیر ہے، ریاست اب محترم نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن