بلاول کی زیر صدارت اجلاس، پانی کی تقسیم پر سندھ، بلوچستان کا ایک مؤقف اپنانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ اور بلوچستان کے آبپاشی کے محکموں کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان کے وزیر برائے آبپاشی صادق عمرانی اور سندھ کے وزیر برائے آبپاشی جام خان شورو نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ملک میں پانی کی تقسیم کے فارمولے پر سندھ اور بلوچستان کا ارسا کے پلیٹ فارم پر ایک مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بارشوں کے بعد سندھ اور بلوچستان میں سیلابی ریلوں اور ان سے ہونے والے نقصانات سے متعلق استفسار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ اور بلوچستان میں آبپاشی کے محکموں کے وزراء نے اپنے اپنے صوبوں میں بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال سے پیدا ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس مبارک پر پیغام میں کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا محبت، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارے کا پیغام لازوال ہے۔ شاہ لطیف کا پیغام انصاف پر مبنی اور پرامن معاشرے کے قیام کی جدوجہد میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔