مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ‘ پاکستانی فائٹر نے بھارتی حریف کو ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کی بانو بٹ نے خوشبو کو سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ سیمی فائنل کے ویمن 47.6 کلوگرام کیٹگری میں پاکستانی فائٹر بانو بٹ بھارتی فائٹر خوشبو نشاد کو ہرایا۔پاکستانی خاتون فائٹر بانو بٹ نے کہا کہ ایونٹ کیلئے بہت محنت کی تھی، مجھ سے کوچ نے پوچھا تھا کہ سینئر کھیل سکتی ہو، میں نے انکو کہا کھیل لونگی خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میری کیٹگری جونیئر کی تھی۔ بھارتی حریف میری بڑی بہن کی طرح ہیں تاہم مقابلے میں دوستی ختم ہوجاتی ہے، آج لڑائی مشکل تھی سینئر جونیئر کا فرق آجاتا ہے۔ جس طرح چاہ رہی تھی اس طرح اچھی پرفارمنس نہیں آئی۔ فائنل میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتوں گی۔ جونیئر ویلٹر ویٹ کی 77.1 کلوگرام کیٹگری میں پاکستانی فائٹر تیمور چشتی کو بحرین کے فائٹر علی مرہون نے شکست دیدی، بحرین کے فائٹر علی مرہون نے پہلے راونڈ میں پاکستانی فائٹر کو ناک آوٹ کیا۔جونیئر فیدر ویٹ 65.8 کلوگرام کیٹیگری میں لبنان کے فائٹر محمد فخر دین نے پاکستانی فائٹر اروز سلیم کو شکست دیدی۔لبنانی فائٹر محمد فخر دین نے پہلے راؤنڈ میں پاکستانی فائٹر اروز سلیم کو پچھاڑدیا، جس کے بعد پاکستان کا پہلا فائٹر فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ پاکستان کے 6 فائٹرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستانی فائٹرز عبدالمنان، ذیشان اکبر، شہاب علی اور بانو بٹ نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ایمان علی اور بشریٰ احمد تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر پہلے ہی سے فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ سیمی فائنلز میں جونیئرز کے مختلف کیٹگریز کے 15 مقابلوں سمیت مجموعی طور پر 38 فائٹس ہوئیں۔پاکستانی فائٹر عبدالمنان نے بحرین کے عبداللہ اسماعیل کو دوسرے رائونڈ میں ناک آؤٹ کیا۔