• news

ایران: بریک فیل ہونے پر الٹنے سے بس میں آتشزدگی، 35 پاکستانی زائرین جاں بحق، 15 زخمی

یزد + تہران+ اسلام آباد  (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی) ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی زائرین جان کی بازی ہار گئے جبکہ  15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔ 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں سفر کر رہا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سوار 53 مسافروں میں سے زیادہ کا تعلق لاڑکانہ اور گھوٹکی سے ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ ایران کے شہر یزد میں بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور نعشوں کو بس سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ یزد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں جتنی جلدی ممکن ہوا واپس بھیجیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری، اسحاق ڈار، ایاز صادق، محس نقوی نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں 35 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے المناک حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور تہران میں پاکستانی سفارت خانے کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔  وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے اظہار افسوس کے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے رنجیدہ اور دکھی ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 کے قریب زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعاگو ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن