• news

ڈیجیٹل دنیا میں جعلی خبروں، غلط معلومات سے خطرات لاحق: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) ہارورڈ بزنس اسکول ٹریک کے 44 طلبا کے وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کے طالب علموں نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات جی ایچ کیو میں کی۔ آئی ایسں پی آر کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان کے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار، دہشت گردی کے خلاف ناقابل تسخیر کوششوں، اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے عزم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم، تنقیدی سوچ، اور اختراع کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شرکا کو ذاتی تجربات کی بنیاد پر اپنی رائے بنانے کی ترغیب دی۔ آرمی چیف نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جھوٹی خبروں کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے طلبا کو بصیرت کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ ہارورڈ کے طلبا نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک تعمیری اور معلوماتی بات چیت کا موقع فراہم کیا ۔یہ ملاقات آرمی چیف کی 20 اگست کو مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کے ساتھ جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے بعد ہوئی، جو ملک کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن