ڈاؤن انٹرنیٹ: کمپنیوں کو 12 ارب کا نقصان، سرمایہ کاری میں کمی آئے گی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت رپورٹ) ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی پر سنگین معاشی خدشات کا اظہار کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں پاکستان ٹیلی کام ایسوسی ایشن نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کا مسئلہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی کا سبب بنے گا۔ ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے درخواست کی کہ انٹرنیٹ میں خلل کی تکنیکی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے انٹرنیٹ کی رفتار بحال کروائیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی سے ٹیلی کام سیکٹر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ رفتار کم ہونے سے انٹرنیٹ ٹریفک میں 6400 ٹیرا بائٹ کی کمی ہوئی ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کو سال میں 12 ارب جبکہ حکومت کو محصولات کی شکل میں 3 ارب روپے کا نقصان ہو گا۔ پاکستان ٹیلی کام ایسوسی ایشن کے مطابق آئی ٹی کے ساتھ تجارت ، بنکنگ، ہیلتھ، ایجوکیشن، مالیاتی شعبہ اور پبلک سیکٹر کے ادارے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے آئی ٹی فری لانسرز کے پراجیکٹس منسوخ ہو رہے ہیں اور فری لانسنگ ویب سائٹ فائیور نے پاکستان کے فری لانسرز پر پابندی عائد کر دی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کا اجلاس ارکان نے چیئرمین پی ٹی اے کے نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ حکام پی ٹی اے نے بتایا کہ لوگ وی پی این استعمال کرتے ہیں تو اس کا اثر بھی آتا ہے۔ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انٹرنیٹ بند کرتے ہیں۔ سینیٹر افنان اللہ نے پی ٹی اے حکام سے دریافت کیا کہ ایکس پر پابندی کیوں لگی؟ حکام پی ٹی اے نے کہا کہ ایکس ہماری شکایت پر بہت کم کارروائی کرتا ہے۔ ایکس وزارت داخلہ کی ہدایت پر مکمل بند کیا۔ جو وی پی این لگاتے ہیں ان کی رسائی ایکس تک ہوتی ہے۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ ایکس جب چل رہا ہے تو ایسے اقدامات کا کیا فائدہ ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سینیٹر افنان اللہ نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک ( وی پی این) بند نہ کرنے کی درخواست کی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پی ٹی اے حکام سے کہا کہ وی پی این بلاک مت کیجئے گا۔ سینیٹر افنان اللہ کی اس بات پر قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں قہقہے لگ گئے۔ پی ٹی اے حکام نے یہ بھی بتایا کہ سب میرین کیبل میں خرابی بھی سست رفتاری کا باعث ہے۔