اوریا مقبول جان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
لاہور (خبرنگار) جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے سائبر کرائم کے مقدمے میں گرفتار کالم نگار اوریا مقبول جان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفتیشی افسر نے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ اوریا مقبول جان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ اوریا مقبول جان نے روسٹرم پر آ کر بیان دیا کہ میں نے اپنا موبائل کا پاس ورڈ دے دیا ہے، یہ مجھے بلاتے میں خود ایف آئی اے میں پیش ہوجاتا،2001 سے میں کالم لکھ رہا ہوں، میں نے بنگلہ دیش پر دو ٹویٹ کئے ہیں، میں پانچ سال یونیورسٹی میں پڑھاتا رہا، باغ جناح میں جمعہ بھی پڑھاتا ہوں، میں نے کیا کوئی چوری کی ہے جو میرا ریمانڈ مانگ رہے ہیں۔