• news

 امریکہ میں تعینات نئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے  ذمہ داریاں سنبھال لیں  

اسلام آباد(آئی  این پی ) امریکہ میں تعینات نئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی کے ترجمان کے مطابق رضوان سعید شیخ نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی مختلف شعبوں کے افسران سے ملاقاتیں کیں، انھوں نے امریکہ میں چاروں پاکستانی قونصلیٹ کے سربراہان سے بھی ملاقات کی۔رضوان سعید شیخ نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے کہا کہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پاک امریکہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پاک امریکہ تعلقات کا فروغ اور معاشی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ رضوان شیخ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہے، انھوں نے سفارتی عملے کو ہدایت کی کہ نتائج پر مبنی سفارت کاری کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔ترجمان کے مطابق پاکستانی سفیر چند روز میں امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی ملاقات کریں گے، اور انھیں اپنے سفارتی اسناد پیش کریں گے، رضوان شیخ امریکی وزارت خارجہ کا بھی دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن