• news

ایران میں بس حادثہ میں جاں بحق پاکستانی زائرین کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں

یزد+ تہران+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایران میں بس حادثے کا شکار ہونے والے زائرین کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں۔ سی ون تھرٹی طیارہ میتوں اور زخمیوں کو لے کر پاکستان پہنچا۔ طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے اڑان بھری اور 10 بجے جیکب آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر خصوصی طیارہ میتوں اور زخمیوں کو لینے کے لئے ایرانی شہر یزد کے ایئرپورٹ پر پہنچا تھا۔ بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانیوں کی نماز جنازہ یزد ایئرپورٹ پر ادا کردی گئی۔ ایران کے سپریم لیڈر کے نمائندے آیت اللہ ناصری سمیت گورنر اور ڈپٹی گورنر یزد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر میئو اور دیگر حکام نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ایران میں پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میتوں اور زخمیوں کیلئے سی ون تھرٹی طیارہ بھیجا۔ ایرانی حکومت اور گورنر یزد نے پاکستانیوں کی بڑی مدد کی۔

ای پیپر-دی نیشن