مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، یوم نیلہ بٹ آج منایا جائیگا
سرینگر‘ مظفرآباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ یوم نیلہ بٹ کی تیاریاں مکمل، کنٹرول لائن کے دونوں اطراف آج یوم نیلہ بٹ شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ دھیرکوٹ سے نیلہ بٹ جانے والے راستوں کو خیر مقدمی بینرز، پاکستان و آزاد کشمیر کے قومی پرچموں اور مسلم کانفرنس کے جماعتی پرچموں سے سجا دیا گیا۔ کوہالہ سے دھیرکوٹ تک شاہرات کو پاکستان کے جھنڈوں سے سجایا گیا۔ جلسہ گاہ میں بھی رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے بڑے بڑے پینا فلیکس آویزاں کردیے گئے اور جلسہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے گئے۔ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے یوم نیلہ بٹ کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع باغ میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نیلہ بٹ کے مقام پر مرکزی جلسہ میں آزاد کشمیر و پاکستان بھر سے مسلم کانفرنس، یوتھ ونگ، طلبہ ونگ، خواتین ونگ، لائرز ونگ، ٹریڈرز ونگ کے عہدیداران و کارنان کے علاوہ آزاد کشمیر سے دیگر سیاسی جماعتوں اور حریت کانفرنس کے قائدین سمیت عوام کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، خان عبدالغفار خان، سائیں علی بہادر خان و کوٹلی بیل میں راجہ لطیف شہید اور دیگر شہداء اور تحریک آزادی کشمیر کے رہنمائوں کے مزارات پر چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ یوم نیلہ بٹ کو تاریخی اہمیت حاصل ہے، 24 اگست 1947ء کو نیلہ بٹ کے مقام سے چلنے والی تحریک کے نتیجے میں یہ خطہ آزاد ہوا اور اپنے اسلاف کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس کی قیادت نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر ریاست کی منزل کا تعین کیا، یہ دن ہمارا تاریخی دن ہے اور تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سردار عتیق احمد خان نے یوم نیلہ بٹ کے موقع پر اپنے پیغام اور یوم نیلہ بٹ کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے نیلہ بٹ کے مقام سے جس تحریک کا آغاز کیا تھا وہ تحریک آج بھی جاری ہے۔ کارکنان نیلہ بٹ کے مقام پر جمع ہوں ۔ مجاہد اول کی چلائی ہوئی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا ہر با شعور کشمیری کا فرض ہے۔