• news

اسرائیل، یوکرائن کا دفاع کرونگی، کملا ہیرس: دلدل میں پھنس گئے، اسرائیل ختم ہو جائیگا، سابق صیہونی میجر جنرل

شکاگو‘ تل ابیب‘ غزہ (آئی این پی+ نیٹ نیوز) امریکی شہر شکاگو میں جاری ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن کے آخری روز کملا ہیرس نے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شکاگو میں جاری 4روزہ ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن  سے مختلف رہنمائوں نے خطاب کیا۔ کملا ہیرس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکی قوم کو ایک نیا مستقبل دوں گی، اسرائیل‘ یوکرائن کا دفاع جاری رکھیں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بطور صدر تمام امریکیوں کو ہماری اعلی ترین امنگوں کے گرد متحد کروں گی۔ قبل ازیں ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں ٹِم والز نے باضابطہ طور پر نائب صدر کی نامزدگی قبول کی۔ کملا ہیرس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو واپس وائٹ ہائوس بھیجنا خطرناک ہوگا، وہ جیتے تو کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والے انتہا پسندوں کو آزاد کردیں گے۔ کملا ہیرس نے کہا کہ اب غزہ میں سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے کے لیے ڈیل کا وقت آگیا ہے، غزہ میں جو کچھ بھی ہوا ہے وہ انتہائی تباہ کن اور دل کو توڑ دینے والا ہے، میں اور صدر جوبائیڈن اس جنگ کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ادھر غزہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 42فلسطینی شہید اور 163زخمی ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق  اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کے نئے احکامات کے بعد ہزاروں فلسطینی دیر البلاح کے کچھ حصوں سے نقل مکانی کر گئے۔ دوسری جانب جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران ایک صیہونی فوجی ہلاک ہوگیا جس کی اسرائیلی فوج نے تصدیق کردی۔ ادھر اسرائیلی فوج کے سابق میجر نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک ایسی دلدل میں پھنس چکے ہیں جہاں سے باہر نکلنا ناممکن ہے۔ سابق میجر جنرل یزہاک برک نے کہا ہے کہ ہم ایسی جگہ پھنس چکے ہیں جہاں ایک طرف حماس کے ساتھ جنگ جاری ہے تو دوسری جانب ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔ اگر غزہ جنگ بندی مذاکرات ناکام ہوجاتے ہیں تو خطے میں نہ ختم ہونے والی جنگ چھیڑ سکتی ہے اور اسرائیل ہر جانب سے شدید خطرات میں گھر جائے گا۔ وزیر دفاع نے غزہ کے حوالے سے جو اہداف مقرر کیے تھے ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوسکا، اگر یہی صورت حال رہی اور اسرائیلی وزیراعظم اور ان کے اتحادی تبدیل نہ ہوئے تو اسرائیل اگلے سال تک صفحۂ ہستی سے مٹ جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن