رواں سال: منکی پاکس کا دوسرا‘ پولیو کا سولہواں کیس رپورٹ
پشاور‘ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+خبر نگار) خیبر پی کے میں منکی پاکس کا دوسرا مریض سامنے آگیا۔ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ شخص میں وائرس کی تصدیق کے بعد اسے ائیرپورٹ سے پولیس سروسز ہسپتال پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی کے مطابق خیبر پی کے میں رواں سال منکی پاکس مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی، متاثرہ شخص دبئی سے پشاور آرہا تھا جس کی ایئرپورٹ پر تعینات ٹیم نے سکریننگ کی، جسے آئسولیشن کے لیے بروقت پولیس سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر ارشاد روغانی کے مطابق پولیس ہسپتال میں تفصیلی ہسٹری لی گئی اور نمونہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجا گیا۔ جبکہ رواں سال کا سولہواں پولیو کیس حیدر آباد میں رپورٹ ہوگیا۔ حیدر آباد میں انتیس ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق کے مطابق حیدر آباد میں چار ماہ سے پولیو وائرس موجود ہے۔ پولیو وائرس کا کہیں بھی ہونا ہر بچے کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلوائیں۔