شہباز شریف کا ڈاکٹر یونس کو خط، بنگلہ دیش میں سیلاب سے تباہی پر مدد کی پیشکش
اسلام آباد ( خبر نگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھ کر حالیہ سیلابی صورتحال پر مدد کی پیشکش کی ہے، وزیر اعظم نے کہاکہ بنگلہ دیش میں تباہ کن سیلابی صورتحال پر افسوس ہے، پاکستانی قوم کی ہمدردیاں بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کیساتھ ہیں،اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش کیساتھ کھڑے ہیں، بنگلہ دیشی عوام مشکلات میںاپنے حوصلے اور ہمت کیلئے جانے جاتے ہیں، پر امید ہوں، بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئیگا۔ پاکستان اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کیلئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں میں سب کنٹریکٹنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے سے متعلق اقدامات کی ضرورت ہے۔سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے سمیڈا بورڈ کے غیر فعال ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سمیڈا کا بورڈ فوری تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کیلئے اہم تمام اداروں کے بورڈ کی تشکیل کی جائے، سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے سمیڈا سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے اسٹیئرنگ کمیٹی میں نجی شعبے سے متعلق لوگوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویرحسین شریک تھے، جبکہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔