• news

حضرت علی ہجویریؒ کا عرس، اسحاق ڈار آج چادر پوشی کریں گے، قائم مقام گورنر کی حاضری 

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت داتا گنج بخش سید علی ہجویریؒ کے981 ویں سالانہ عرس کا افتتاح، رسم چادر پوشی اور سبیل کا افتتاح 11 بجے دن ڈپٹی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈار کریں گے۔ جس میں صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربار شاہد حمید ورک سمیت عمائدین حکومت اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر داتا دربار میں حرمِ نبوی کی طرز پر چھتریوں کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی تصنیف " معارفِ سیرت" کی رونمائی بھی ہوگی۔ دوسری جانب قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللّٰہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے دربار پر فاتحہ خوانی اور چادر پوشی کے بعد ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرے لئے اس جگہ آنا باعث فخر ہے۔ جہاں خلق خدا اپنی امید وابستہ کرتی ہے۔ جہاں غریب کی بھوک مٹتی، امید کی شمع جلتی ہو، اس مقام سے بڑا مقام کوئی نہیں ہوتا۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 981سالانہ عرس پر سید ہجویر کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمدﷺ کا مساوات، اخلاقیات اور انسانیت کی عزت کا پیغام داتا علی ہجویری، نے لوگوں تک خوب پہنچایا۔ داتا علی ہجویریؒ کا پیغام رواداری، برداشت اور ایک دوسرے کی بات کو سننا ہے۔ آپ نے معاشر ے کو الفاظ اور و فاداری پر تشکیل دیا۔ آپ کے فکروعمل کے فیضان نے نہ صرف لاہور، پنجاب بلکہ برصغیر پاک و ہند کے پورے خطے کو منور کیا۔ آج ہمیں بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن