• news

وزیراعلیٰ کی ہدایت ڈاکوؤں کیخلاف جوابی کارروائی، سرغنہ ہلاک، خطرناک ترین کے سروں کی قیمت ایک کروڑ مقرر، ڈی پی او تبدیل

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے برق رفتار ایکشن لیتے ہوئے رحیم یار خان کچے میں راکٹ حملے میں ملوث گینگ کو جالیا۔ پولیس ٹیم کی کارروائی سے سرغنہ بدنام زمانہ ڈاکو بشیر شر مارا گیا۔ ڈاکو بشیر شر کے پانچ ساتھی بری طرح زخمی ہوگئے۔ زخمی ڈاکوؤں میں ثناء اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کچے کے خطرناک ترین ڈاکوؤں یعنی ہائی ویلیو ٹارگٹس کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے جبکہ تیسری کیٹگری کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی پی او عمران احمد کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے اور ان کی جگہ رضوان عمر گوندل کو ڈی پی او تعینات کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ایس پی رحیم یار حان جاوید اختر کی سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم رحیم یار خان کلیم احمد کو او ایس ڈی بنایا گیا۔ کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ شہدائے پولیس کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اور، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں فوج کے سینئر افسران جوانوں عوام اور شہدا کے رشتہ داروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں آپریشنل فورس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے،آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اورکچے کے شرپسندوں کے خلاف موثر مربوط آپریشن کا حکم دیا ہے۔جمعہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کوکچے کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں پنجاب پولیس، پنجاب رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان اور نے کہا ہے کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے۔ ڈاکوؤں سے بدلہ لیا جائے گا۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا۔ پولیس جوانں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں پولیس پر ڈاکووَں کے حملے کی شدید مذمت اور واقعہ میں 14 اہلکاروں کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اورکہا کہ ہے شہید اہلکار قوم کے بہادر سپوت تھے۔ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے دیں گے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے رحیم یار خان میں پولیس وینز پر ڈاکوں کے حملے کی مذمت کی ہے جمعہ کو اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن