• news

یوٹیلٹی سٹورز کی ری سٹرکچررنگ کر رہے، رانا تنویر: ملازمین کا بہاولپور، ٹوبہ میں احتجاج

بہاول پور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ لاہور‘شیخوپورہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ کامرس رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت) یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے  پریس کلب بہاول پورکے باہر احتجاج کیا۔ ریلی پریس کلب تا یونیورسٹی چوک تک نکالی گئی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مظاہرین آر ایم چوہدری یامین، ایریا مینجرآصف گل، میڈیاکوآرڈینیٹر صفدر خورشید (سنی) سٹور انچارج اصغر، خالد پیر زادہ محمد سراج، ساجد پیر زادہ علی عرفان چٹھہ و دیگر ملازمین نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے یوٹیلٹی سٹور بند کر کے الٹا ہمیں نوکریوں سے محروم کر کے ہم سے بھی دو وقت کا نوالہ چھین رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اپنی فضول خرچیاں بند کر کے اس اقدام کو واپس لے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر کے ملک بھر احتجاج کریں گے۔ حکومت یوٹیلٹی سٹورز کی بندش کا فیصلہ فوری طور واپس لے، حکومت کے اس  فیصلے سے 15ہزار سے زائد ملازمین بے روزگار، جبکہ4200 سٹورز بند ہو جائیں گے۔ حکومت اس معاشی قتل عام کو بند کرے، ملازمین کو تحفظ دے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین اور شہری حکومت کے سٹورز بند کرنے کے فیصلہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، انہوں نے صدر پریس کلب چوہدری عمران ندیم سدھو اور صدر مجلس مفاد عامہ عارف جانباز قاضی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کو میسر ریلیف کا ذریعہ بھی چھین رہی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ایک بڑا عوامی پروجیکٹ اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے والا ادارہ ہے، جو ملک کو اربوں روپے ٹیکس ادا کرتا ہے، وہ واحد ادارہ ہے جو حکومت کی سبسڈی کے بغیر بھی چل سکتا ہے۔ ادھر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بند نہیں کیا جا رہا بلکہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے ری سٹرکچرنگ کر کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں بھی چند مہینوں میں ان شا اللہ بہتری نظر آئے گی۔ ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے کی سخت ضرورت ہے ۔ معیشت کے استحکام کے لئے سیاسی استحکام کی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر لاہور میں نویں کلر اینڈ کیم نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا 2017ء میں جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو ہماری معیشت بہت بہتر ہو چکی تھی، پاکستان دنیا کی 24ویں معیشت تھی، ملکی معیشت ٹیک آف کی پوزیشن میں تھی کہ ہماری حکومت ختم کر دی گئی اور ایک نالائق کو ملک پر مسلط کر دیا گیا، جس نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال کر رکھ دیا۔ دو تین مہینوں میں مہنگائی میں واضح کمی ہوئی ہے۔ مہنگائی کی شرح38 سے 16فیصد پر آ گئی ہے۔ جلد ملک کو درپیش مشکل حالات سے نکال کر دوبارہ خوشحال بنائیں گے۔ ہم آئی ٹی کو فروغ دینے کی طرف جا رہے ہیں۔ معیشت بحال ہوگی تو فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا اور مہنگائی کم ہو گی۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنایا جا رہا ہے، چین کے سرمایہ کار جلد ملک میں سرمایہ کاری کے لیے موجود ہوں گے۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ مقامی سطح پر پیداوارکی ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمدات بڑھائی جا سکیں۔ عوام تک شفاف انداز میں سبسڈی کے فوائد کو پہنچانے کے لیے یوٹیلیٹی سٹور کی ری سٹرکچرنگ کررہے ہیں۔ اس سسٹم کو بہتر کررہے ہیں، شکایات تھیں کہ عوام تک سبسڈی کے فوائد پوری طرح نہیں پہنچ رہے، کچھ ملازمین اس میں ملوث ہیں اور کچھ افسروں کے نام بھی اس میں تھے جو سبسڈی لے رہے تھے، اس لیے اصلاحات لانا ضروری تھا، ہماری کوشش ہے کہ سبسڈی مستحقین کو ملے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 100فیصد صحیح لوگوں کو نہیں مل رہا، سبسڈی کو حق داروں تک پہنچانے کے لیے شفافیت لا رہے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے فیتا کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں 300 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں۔ چین، ملائیشیا، ترکی، ایران کی کمپنیاں اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش کے کنوینئر عبدالرحیم چغتائی نے مہمانوں کو سٹالز کا دورہ کرایا۔ چیئرمین چائنا ڈائی سٹفز انڈسٹری ایسوسی ایشن مسٹر شی ڑیان پنگ بھی نمائش میں شریک ہوئے۔ ایونٹ آرگنائزر اور ڈائریکٹر، ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے بریفنگ دی۔ نمائش کنندگان اپنی مہارت، جدید ترین ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔ نمائش آج 25 اگست کی شام تک جاری رہے گی۔ملک بھر سے یوٹیلٹی سٹورز  کے ملازمین نے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے۔ پہلے ملازمین اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کے ہیڈ کوارٹر پر اکٹھے ہونگے اور اس کے بعد وہ جلوس کی صورت میں ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔ ملازمین نے اعلان کر رکھا ہے کہ جب تک حکومت سٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیتی تب تک دھرنا جاری رہے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ہم کسی بھی میدان میں ترقی نہیں کر سکتے، موجودہ حکومت نے تعلیمی میدان میں بڑے انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے شرح خواندگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے۔ وفاقی حکومت نے یونیورسٹیوں کالجز و سکولز کی سطح پر خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹ گریجوایٹ کالج سول لائن شیخوپورہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر امان اللہ بھٹی، وائس پرنسپل حافظ عبدالرحیم اشرف، مرکزی انجمن تاجران کے صدر امجد نذیر بٹ، چیئرمین حاجی غلام نبی ورک، امیدوار حلقہ این اے 115 رانا ممتاز محمود مون خاں، شہباز احمد چھینہ، پروفیسر خرم عباس ورک، پروفیسر داؤد احمد، پروفیسر شہزاد معراج و دیگر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے گورنمنٹ کالج کی اراضی کا انتقال کالج کے نام کروانے کا اعلان اور کالج کے احاطہ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ تقریب کے اختتام پر اساتذہ و طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن