• news

پشین پولیس لائنز کے قریب دھماکہ، خاتون 2 بچے جاں بحق، اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی

 اسلام آباد‘پشین ( نمائندہ خصوصی ‘نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکا میں 2 بچے اور خاتون جاں بحق جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پشین میں دھماکا پولیس لائن کے قریب بازار میں ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے قریب کھڑی ایک گاڑی مکمل تباہ ہوگئی اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 14افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور دھماکے کی نوعیت کا پتا لگایا جا رہا ہے۔صدر مملکت آصف زرداری ‘ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی‘بلاول بھٹو اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں خاتون اور بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا، محسن نقوی نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، یہ پاکستان کی بقا اور نئی نسلوں کو پر امن اور محفوظ پاکستان دینے کی جنگ ہے، قوم اور سکیورٹی فورسز اس جنگ میں شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔تھانہ پشین کے ایس ایچ اومجیب الرحمٰن نے واقعہ  کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ان کا کہنا تھا دھماکہ پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر ہوا، جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا  2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔پولیس افسر نے بتایا بظاہر دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ای پیپر-دی نیشن