• news

ججز سے متعلق کوئی بھی ترمیم زیر غور نہیں: وزیر اطلاعات، حمزہ سے ملاقات

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ)  وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیرغورنہیں چیف جسٹس کی تعیناتی کا ابھی سے نوٹیفکیشن کردیا جائے، تقرری کے نوٹیفکیشن پروزارت قانون مناسب وقت پر مشاورت سے فیصلہ کرے گی۔ ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ جوائنٹ سیشن کے دوران کوئی آئینی ترمیم نہیں لا ئی جاسکتی، عدلیہ سے متعلق کوئی بھی ترمیم زیرغور نہیں۔انہوں نے کہا کہ لیجسلیٹو کمیٹی میں بھی عدلیہ سے متعلق ترمیم پربات نہیں ہوئی اور نہ ہی ججز کی مدت ملازمت میں توسیع فی الحال زیرغور ہے۔ان کا کہنا تھاکہ جو قیاس آرائیاں ہیں اس میں حقیقت نہیں، صدر نے اسمبلی کا معمول کا اجلاس بلایا، اگلے ہفتے جوائنٹ سیشن بلانے کا تھوڑا بہت امکان ہے، اگرمتفقہ اجلاس بلایا گیا تو کچھ التواکے شکاربل پرغورہوسکتا ہے۔عطاتارڑ کا کہنا تھاکہ ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں کہ چیف جسٹس کی تعیناتی کا ابھی سے نوٹیفکیشن کردیا جائے۔ چیف جسٹس کی سینیارٹی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی بھی کوئی تجویز زیرغور نہیں، چیف جسٹس کی تقرری کے نوٹیفکیشن پروزارت قانون مناسب وقت پر مشاورت سے فیصلہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آٓئی سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا براہ راست رابطہ نہیں ہوا، حکومت نے علی امین گنڈاپور سے گزارش کی تھی، انہوں نے آگے پیغام پہنچایا۔
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ملاقات کی۔ مسلم لیگ ن کے ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن