• news

حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کا عرس شروع، اسحاق ڈار نے چادر پوشی کی

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی ) حضرت داتا گنج بخشؒ کے981 ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح ڈپٹی وزیر اعظم پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری،ایم پی اے میاں مرغوب احمد،ایس ایم بی آر نبیل جاوید،سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھواور ڈپٹی کمشنرلاہور سیّد موسیٰ رضا کے ہمراہ رسمِ چادر پوشی سے کیا۔ افتتاحی تقر یب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ز اوقاف آصف اعجاز، حافظ محمد یوسف، چوہدری طاہر احمد، ایاز حبیب، ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربارشاہد حمید ورک، پی ایس او ٹو سیکرٹری اوقاف زاہد اقبال، منیجر ان اوقاف داتا دربار شیخ محمد جمیل،طاہر مقصود، محمد ناصر اور امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران سمیت ملک بھر کے معروف قرأت، نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالو ی نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، ملک وقوم کی فلاح کے لیے دعائے خیر کی۔ ڈپٹی وزیر اعظم نے سبیل دودھ کا افتتاح کیا۔ مسجد کے صحن میں حرمِ نبوی کی طرز پر ہائیڈرولک اور آٹو میٹک چھتریوں کی تنصیب کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اورحضرت داتا گنج بخشؒ کے علمی اور روحانی فیوض و برکات کی ترویج و تبلیغ کیلئے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی تصنیف " معارفِ سیرت"، ڈاکٹر ظفر اقبال نوری کی تصنیف"تسہیل ِ کشف المحجوب (جلد دوم)" اور " کشف المحجوب " کے چھٹے ایڈیشن کی رونمائی بھی کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر داتا دربار عرس انتظامات گزشتہ سالوں سے زیادہ موثر اور بہتربنانے کے لیے، سکیورٹی، صفائی، تقسیم لنگر، مشروبات، دیگر انتظامات کئے گئے مزید یہ کہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے عرس مبارک پر پیغام میں کہا کہ حضرت دانا گنج بخشؒ کا محبت، رواداری اور انسانیت کے احترام کا پیغام لازوال ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کا پیغام موجودہ حالات میں معاشرے کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے کی کنجی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن