عرس حضرت داتا گنج بخش جاری ‘ آج مقامی تعطیل‘ محسن نقوی کی چادر پوشی
لاہور (آئی این پی+خصوصی نامہ نگار ) مخدوم الاولیا سیدنا حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 981 و یں عرس کی تقریبات میں لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے آنیوالے زائرین کی جانب سے مزار پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی اور چادریں چڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ عرس کے موقع پر روایتی گہماگہمی نظر آ رہی ہے، عقیدت مند ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے چادریں چڑھانے کیلئے آ رہے ہیں۔ عرس میں آئے زائرین کیلئے لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، زائرین کی دودھ، نان حلیم، گوشت اور چاولوں سے تواضع کی جارہی ہے، دودھ کی روایتی سبیل پر زبردست رش ہے، جہاں لوگ قطاروں میں لگ کر دودھ پیتے نظر آتے ہیں۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شرکا کی مختلف مقامات پر چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ ٹریفک کا رخ متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے عرس کے موقع پرآج روز پیر مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق (آج) ضلعی انتظامیہ کے دفاتر، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے عرس مبارک کے موقع پر چادر پوشی کی، پھول رکھے اور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں جبکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے داتا دربار کے تزئین و آرائش کے پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت دنیا بھر میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عقیدت مندوں کو عرس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حضرت داتا گنج بخشؒ سمیت بزرگان دین نے برصغیر میں امن و آشتی کا درس دیا، آج ہمیں حضرت داتا گنج بخشؒ اور دیگر بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔